ایشیا کپ کی طرز پر افریقا ٹی ٹوئنٹی کپ متعارف کروائے جانے کا امکان

افریقا ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے موزوں وقت اور ٹیموں کی کوالیفکیشن کے طریقہ کار کے اہم امور زیر غور ہیں


اسپورٹس ڈیسک April 08, 2026

افریقن کرکٹ ایسوسی ایشن ایک بڑے منصوبے کے تحت براعظم میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد مالی وسائل پیدا کرکے کرکٹ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

افریقن کرکٹ ایسوسی ایشن اس وقت مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم یہ ٹورنامنٹ 2027 سے پہلے شروع ہونے کا امکان نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق افریقا ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے موزوں وقت اور ٹیموں کی کوالیفکیشن کے طریقہ کار کے دو اہم امور زیر غور ہیں۔

اس حوالے سے کرکٹ جنوبی افریقا کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ جنوبی افریقا براعظم کی مضبوط ترین ٹیم ہے اور اس کی دستیابی نئے فیوچر ٹورز پروگرام پر منحصر ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا اصولی طور پر اس منصوبے کے حق میں ہے، لیکن مصروف شیڈول کے باعث حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب زمبابوے کرکٹ اور نمیبیا کے ساتھ ایک سہ ملکی سیریز کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو ممکنہ طور پر اگست میں کھیلی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی مستقبل کے افریقا کپ کے لیے بنیاد فراہم کرے گی۔

یہ پیش رفت 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے تناظر میں بھی اہم سمجھی جا رہی ہے جس کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔