اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعرات اور جمعہ کو تعطیل کا اعلان

ضروری سروسز کے ادارے تعطیلات سے مستثنیٰ ہوں گے، ریڈ زون میں قائم نجی دفاتر کو بھی بند کرنے کی ہدایت


اسٹاف رپورٹر April 09, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

ایران امریکا مذاکرات کے سبب اسلام آباد میں جمعرات اور جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جب کہ ڈی سی اسلام آباد نے ٹویٹ بھی کی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی حدود میں 9 اور 10 اپریل جمعرات اور جمعہ کو عام تعطیل ہوگی، ضروری سروسز کے ادارے تعطیلات سے مستثنیٰ ہوں گے، ایم سی آئی، سی ڈی اے اور آئی سی ٹی انتظامیہ معمول کے مطابق کام کریں گے، اسلام آباد پولیس، آئیسکو، سوئی گیس اور اسپتال کھلے رہیں گے۔

حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے یہ اہم ادارے فعال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے ریڈ زون میں قائم نجی دفاتر کو بھی چھٹی کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے 9 اور 10 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، جس کے تحت تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے بتایا کہ اسلام آباد کی طرح راولپنڈی میں بھی دو دن کی تعطیل ہوگی،  تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر 9 اور 10 اپریل کو بند رہیں گے۔