اسلام آباد میں مذاکرات کی بڑی بیٹھک کیلیے تیاریاں شروع، کون سی سڑکیں بند ہوں گی؟

ریڈ زون میں قائم سرکاری دفاتر کو بھی چھٹی کی ہدایت، نجی ہوٹل کی سیکیورٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سنبھال لی


نعیم اصغر April 08, 2026

اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مذاکرات کے شرکا کی میزبانی کیلئے تیاریوں کا آغاز ہوگیا اور غیرملکی مہمانوں کی آمد، استقبال سمیت رہائش کے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق غیرملکی مہمانوں کو ٹھہرانے کیلئے نجی فائیوسٹار ہوٹل کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ دیگر غیرملکیوں کو بھی نجی ہوٹلز میں ٹھہرایا جائے گا۔

نجی ہوٹل نے پہلے سے مقیم مہمانوں کو ہوٹل چھوڑنے کی ہدایت کردی جبکہ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے پیش نظر نجی ہوٹل کیطرف جانے والی سڑکوں کو کنٹرینر لگا کر بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی مہمانوں کو ایئرپاورٹ سے لانے لیجانے کیلئے ٹریفک روٹس بھی متعین کردیے گئے ہیں جبکہ انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں غیرملکی مہمانوں کی آمد کے پیش نظر سیکورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے جس کے تحت ریڈزون کو جانے کیلئے صرف مارگلہ روڈ کھلا رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق سیرینا ہوٹل میں انٹری شاہراہ دستور سے ہوگی جبکہ بارہ کہو سے آنے والے ٹریفک کو بنی گالہ کی طرف موڑا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرینا ہوٹل کی سیکیورٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ریڈزون میں واقع  پرائیویٹ دفاتر میں بھی چھٹی کی ہدایت کردی گئی ہے۔