لبنان پر اسرائیلی حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں، ہمارے ہاتھ ٹریگر پر ہیں؛ ایران

دھوکہ دہی اور معاہدے کی عدم تعمیل سے مذاکرات بے معنی ہوجائیں گے، صدر مسعود پزیشکیان


ویب ڈیسک April 09, 2026
اسرائیل نے ایرانی صدر کے دفتر پر بڑا حملہ کردیا

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی پر اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکہ دہی سے مذاکرات بے معنی ہوجائیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے خطے میں کشیدگی مزید اضافہ ہوگا۔

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملے کھلی خلاف ورزی ہیں جو جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات دھوکہ دہی اور عدم تعمیل کا اشارہ دیتے ہیں جس کے باعث مذاکرات بے معنی ہوجاتے ہیں۔

ایرانی صدر نے مزید واضح کیا کہ ایران اپنے لبنانی بھائیوں اور بہنوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ایران اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ہمارے ہاتھ ٹرگر پر رہیں گے۔

یہ بیان ایک روز بعد سامنے آیا جب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے لبنان میں 100 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا جنھیں وہ حزب اللہ کے ٹھکانے قرار دیتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ پر جہاں ضروری سمجھے گا، حملے جاری رکھے گا۔

ادھر ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی دشمن کو واضح قیمت چکانا ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لبنان جنگ بندی کا لازمی حصہ ہے اور اس معاملے میں کسی انکار یا پسپائی کی گنجائش نہیں۔

ایرانی پارلیمان کے اسپیکر نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آگ کو فوری طور پر بجھایا جائے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔