کراچی میں کمسن بہن بھائی پانی کے گڑھے میں ڈوب کر جاں بحق

واقعہ ہنگورہ گوٹھ کے قریب رہائشی سوسائٹی کی زمین پر گڑھے میں جمع پانی میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے پیش آیا


اسٹاف رپورٹر April 09, 2026

شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی ہنگورہ گوٹھ میں پانی سے بھرے گڑھے ڈوب کر کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی پر واقع ہنگورہ گوٹھ میں کمسن بہن بھائی پانی کے گڑھے میں ڈوب گئے، جس کے بعد وہ مردہ حالت میں ملے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جبکہ پولیس اور ریسکیو رضا کاروں کو بھی طلب کرلیا گیا۔

 ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا چوہدری نواز نے بتایا کہ واقعہ ہنگورہ گوٹھ کے قریب رہائشی سوسائٹی کی زمین پر گڑھے میں جمع پانی میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے پیش آیا ہے۔

متوفین کی شناخت 8 سالہ اختر اور 9 سالہ نادیہ دختر کیا خان کے نام سے کی گئی جو کہ قریبی آبادی کے رہائشی تھے۔

انھوں ںے بتایا کہ متوفین کے ورثا کے کہنا تھا واقعہ اتفاقیہ ہے اور وہ کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے جس کے بعد ورثا دونوں بھائی اور بہن کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اپنے گھر لے گئے۔