وساکھی میلہ، 2800 سکھ یاتری آج پاکستان پہنچیں گے

یاتریوں کے قیام، سفری سہولیات، طبی امداد اور سکیورٹی کے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں


Asif Mehmood April 09, 2026

لاہور:

وساکھی میلہ اور خالصہ کے 327 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلیے تقریباً 2800 بھارتی سکھ یاتری آج خصوصی انتظام کے تحت واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔

حکام کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ برس سے کشیدہ تعلقات اور بند سرحدوں کے باوجود سکھ یاتریوں کی آمد کیلیے پاکستان کی جانب سے خصوصی طور پر واہگہ سرحد کھولی جا رہی ہے۔

واہگہ بارڈر پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سرداررمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر حکام یاتریوں کا استقبال کرینگے۔

جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کے مطابق یاتریوں کے قیام، سفری سہولیات، طبی امداد اور سکیورٹی کے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب اور گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سمیت اہم مذہبی مقامات کو سجا دیا گیا ہے اور یاتریوں کے روٹس پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

ادھرکمشنر لاہور مریم خان نے ضلع ننکانہ صاحب کا دورہ کر کے بیساکھی میلہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ 

انھوں نے کہا کہ 10 سے 14 اپریل تک جاری رہنے والے میلے کیلئے صفائی، سیکیورٹی، رہائش اور دیگر سہولیات مکمل کر لی گئی ہیں۔