نیتن یاہو کا ایران جنگ میں فتح کا دعویٰ؛ اسرائیلی عوام نے سروے میں مسترد کردیا

صرف 30 فیصد اسرائیلیوں کو اپنے وزیراعظم کے دعوے پر یقین ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کیساتھ ملکر کر فتح حاصل کرلی


ویب ڈیسک April 10, 2026
اسرائیل اور امریکا نے ایران پر فتح حاصل نہیں کی

اسرائیلی عوام کی اکثریت ایران جنگ میں فتح کے وزیراعظم نیتن یاہو دعوے سے متفق نہیں ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مختلف سرویز میں زیادہ تر اسرائیلی شہری اس بات پر یقین نہیں رکھتے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کرلی۔

جمعرات کے روز سامنے آنے والے مختلف سرویز میں کہا گیا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد نئی جنگ بندی کی بھی مخالفت کر رہی ہے۔

اسرائیل کے چینل 13 کے ایک سروے کے مطابق صرف ایک تہائی اسرائیلیوں یعنی 33 فیصد کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل جنگ میں کامیاب ہوئے ہیں اور حیران کن طور پر 28 فیصد سمجھتے ہیں کہ جنگ ایران جیتا ہے۔

چینل 12 کے سروے میں بھی صرف 30 فیصد اسرائیلیوں نے امریکا اور اسرائیل کی فتح پر یقین ظاہر کیا جبکہ کان 11 کے سروے کے مطابق صرف 25 فیصد لوگ ہی انہیں فاتح مانتے ہیں۔

ان تمام سرویز میں ایک بات مشترک رہی کہ آدھے سے زیادہ اسرائیلی شہری یہ ماننے کو تیار نہیں کہ ایران کے خلاف ان کا ملک اور امریکا کامیاب ہوا ہے جب کہ وہ امریکی جنگ بندی کے بھی خلاف ہیں۔

اس کے علاوہ عوام کی رائے ملک کی اسٹریٹجک صورتحال پر بھی تقسیم نظر آئی۔ 37 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی پوزیشن بہتر ہوئی جبکہ 34 فیصد کے مطابق صورتحال پہلے سے خراب ہوگئی۔