2 سال قبل 15 سالہ لڑکے کو اغوا کے بعد قتل کرنے کا معمہ حل، بہنوئی قاتل نکلا

ملزم نے گھریلو رنجش پر سالے کو ملازمت کے بہانے لے جاکر پھندا ڈال کر قتل کیا اور لاش نہر میں پھینک دی تھی، پولیس


سید مشرف شاہ April 10, 2026
فوٹو فائل

پنجاب کے شہر پاکپتن کے علاقے عارف والہ میں دو سال قبل 15 سالہ لڑکے کے قتل میں ملوث شاطر ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق دو سال قبل عارف والہ میں 15 سالہ لڑکے علی رضا کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا تھا جس کا مقدمہ والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

واقعے کے بعد ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے نوٹس لے کر ایس پی سٹی انویسٹی گیشن فرحت عباس کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کیلیے ٹیم تشکیل دی تھی۔

انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شفیق آباد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا، جو مقتول علی رضا کا بہنوئی ہے۔

ملزم کی نشاندہی پر مقتول کی نعش کو برآمد بھی کرلیا گیا۔ انویسٹی گیشن کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم 2024 میں فیکٹری میں کام کروانے کے بہانے مقتول کو عارف والہ ضلع پاکپتن سے لاہور لے آیا اور پھر شیخوپورہ کے علاقے میں لےجا کر گلے میں پھندا ڈال کر بے دردی سےقتل کر دیا تھا۔

ملزم نے قتل کرنے کے بعد نعش کو بوری میں ڈال کر نہر میں پھینک دیا تھا۔ ملزم نے گھریلو رنجش کی بناء پر علی رضا کو قتل کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہے مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائےگی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں کےساتھ نمٹاجائےگا۔  ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔