فیفا ورلڈ کپ: کٹس میں ڈیزائن کی خرابی پر تحقیقات کا فیصلہ

امریکی کمپنی کئی بڑی ٹیموں کی کٹس تیار کر رہی ہے جن میں امریکا، کینیڈا، برازیل، نیدرلینڈز اور کروشیا شامل ہیں


اسپورٹس ڈیسک April 11, 2026

امریکا کی اسپورٹس برانڈ بنانے والی معروف کمپنی نے فٹبال ورلڈ کپ سے قبل مختلف قومی ٹیموں کی جرسیوں میں سامنے آنے والے ڈیزائن مسئلے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ ہونے والے انٹرنیشنل میچز کے دوران انگلینڈ، فرانس اور یوراگوئے سمیت کئی ٹیموں کی شرٹس کے کندھوں کے قریب ابھار واضح طور پر نظر آئے تھے، جس پر شائقین نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔

کمپنی کے ترجمان نے ایک بیان میں ’دی گارجین‘ کو بتایا کہ کٹس میں ایک معمولی مسئلہ کی نشاندہی ہوئی ہے، تاہم اس سے کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر نہیں ہوتی، البتہ مجموعی خوبصورتی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔

بی بی سی کے مطابق یہ مسئلہ نہ صرف میچ کے دوران استعمال ہونے والی شرٹس بلکہ شائقین کے لیے فروخت کی جانے والی جرسیوں میں بھی موجود ہے۔

امریکی کمپنی اس ورلڈ کپ میں کئی بڑی ٹیموں کی کٹس تیار کر رہی ہے، جن میں امریکا، کینیڈا، برازیل، نیدرلینڈز اور کروشیا شامل ہیں۔

یہ کٹس خاص کولنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ بنائی گئی ہیں تاکہ کھلاڑی گرمی کے موسم میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔