دنیا بھر سے خالی آئل ٹینکرز اعلیٰ معیار کا تیل اور گیس خریدنے امریکا پہنچ رہے ہیں؛ ٹرمپ

امریکا کے پاس تیل کے ذخائر دنیا کی اگلی دو بڑی تیل کی معیشتوں کے مجموعی ذخائر سے بھی زیادہ ہیں، امریکی صدر


ویب ڈیسک April 11, 2026
ڈونلڈ ٹرمپ نے خام تیل کی عالمی قیمتوں کو معمولی بات قرار دیدیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بڑی تعداد میں خالی آئل ٹینکرز اس وقت امریکہ کا رخ کر رہے ہیں تاکہ وہاں سے اعلیٰ معیار کا تیل اور گیس حاصل کر سکیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ بیان امریکی صر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دیا۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں سے بہت بڑی تعداد میں بڑے بڑے خالی آئل ٹینکرز دنیا کے بہترین اور سب سے اعلیٰ معیار کے تیل اور گیس کی لوڈنگ کے لیے امریکا آ رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس تیل کے ذخائر دنیا کی اگلی دو بڑی تیل کی معیشتوں کے مجموعی ذخائر سے بھی زیادہ ہیں اور ان کا معیار بھی بہت بہتر ہے۔

صدر ٹرمپ نے دیگر ممالک کو بھی دعوت دی کہ ہم آپ کا انتظار کر رہے ہیں، جلدی آئیں اور فوری تیل و گیس لوڈنگ کروایں۔

صدر ٹرمپ کے دنیا بھر سے آئل ٹینکرز کی امریکا آمد اور تیل و گیس کی خریداری کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے کہ وینزویلا کے صدر کو اہلیہ سمیت حراست میں لینے کے بعد وہاں کے تیل کے ذخائر کے حوالے سے بھی صدر ٹرمپ کے متضاد دعوے سامنے آئے تھے۔

آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی قلت پر بھی ان کا مؤقف مبہم تھا کہ اس سے امریکا کو فائدہ ہوگا کیوں کہ تیل کے لیے دنیا ان کے ملک کا رخ کرے گی۔