جون، جولائی کی فیس طلب کرنیکا کیس؛ نویں جماعت کے طالبعلم کو امتحان میں بیٹھنے کی مشروط اجازت

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا


کورٹ رپورٹر April 13, 2026

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکول کی جانب سے جون جولائی کی فیس قبل از وقت طلب کرنے کے کیس میں نویں جماعت کے طالب علم کو امتحان میں بیٹھنے کی مشروط اجازت دے دی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

دوران سماعت، وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اسکول انتظامیہ نے جون اور جولائی کی فیس کے چالان قبل از وقت جاری کیے، محکمہ تعلیم کے سرکلر کے مطابق جون اور جولائی کی فیس اپریل اور مئی میں وصول کی جانی چاہیئے۔

وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ درخواست گزار نے تمام واجب الادا فیس ادا کر دی ہے، قبل از وقت فیس کے مطالبے پر متعلقہ حکام کو شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

عدالت نے دلائل کے بعد حکم دیا کہ درخواست گزار طالب علم کو بغیر کسی رکاوٹ امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے اور طالب علم کا نتیجہ آئندہ سماعت تک جاری نا کیا جائے۔