مشرق وسطیٰ کی صورتحال، پاسپورٹس بنوانے والوں کی تعداد میں 50 فیصد کمی

جنگ سے قبل کراچی میں یومیہ درخواستیں 2 ہزار آرہی تھیں جو 800 رہ گئیں، دیہی سندھ میں 3 ہزار سے گھٹ کر 1500 ہوگئیں


اسٹاف رپورٹر April 13, 2026

کراچی:

مشرق وسطیٰ میں جاری دگرگوں صورتحال کے سبب کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف شہروں میں نئے پاسپورٹس کے اجرا اور تجدید کرانے میں 50 فیصد کمی واقع ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ میں متواتر ابتر صورتحال کی وجہ سے پاسپورٹ کی یومیہ درخواستوں میں نمایاں کمی ہوگئی، کراچی میں یہ تعداد 50 فیصد سے زائد کم ہوگئی۔

جنگی صورتحال سے قبل کراچی میں پاسپورٹ کی یومیہ تعداد 2 ہزارتھی جو گھٹ کر صرف 800 رہ گئی جبکہ دیہی سندھ کے دیگر شہروں میں واقع پاسپورٹ آفسز میں تعداد 3 ہزار سے کم ہو کر صرف 1500 کے لگ بھگ رہ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک میں سفری پابندیوں، محدود پروازوں کی وجہ سے موجودہ صورتحال پیدا ہوئی جو مشرق وسطیٰ میں مکمل امن کی صورت میں دوبارہ اپنی سابقہ حالت پر آجائے گی۔