لبنان کو حزب اللہ کے چنگل سے آزاد کروانے پر اتفاق ہوگیا؛ اسرائیلی سفیر کا دعویٰ

لبنان اور اسرائیل کے جنگ بندی مذاکرات امریکا میں ہوئے جس کی سربراہی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کی


ویب ڈیسک April 14, 2026
اسرائیلی سفیر کا بڑا دعویٰ؛ لبنان کو حزب اللہ سے آزاد کروایا جائے گا

امریکا کی ثالث میں ہونے والے لبنان اور اسرائیل کے جنگ بندی مذاکرات ختم ہوگئے جس کے بارے میں اسرائیلی سفیر نے بڑا دعویٰ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مذاکرات کے اختتام کے بعد اسرائیل کے امریکا میں سفیر یخئیل لیٹر نے صحافیوں کو تفصیلات بتائیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ تینوں ممالک (امریکا، لبنان اور اسرائیل) کے درمیان اتفاق ہو گیا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کردیا جائے گا۔

اسرائیلی سفیر نے مزید کہا کہ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ لبنان کو اُس طاقت کے چنگل سے آزاد کرایا جائے جس پر ایران حاوی ہے اور جسے حزب اللہ کہا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ متعدد امور پر بات چیت ہوئی جس میں سب سے اہم طویل المدتی وژن تھا کہ ہمارے درمیان ایک واضح حدِ سرحد موجود ہوگی۔

اسرائیلی سفیر نے بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب دراصل ایک ہی طرف کھڑے ہیں اور یہی سب سے مثبت ترین نتیجہ ہے جو ہم اس ملاقات سے اخذ کر سکتے تھے۔

انھوں نے کہا کہ حزب اللہ اتنی کمزور کبھی نہیں تھی جتنی آج ہے۔ لبنان میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں نے حزب اللہ کو اس حد تک کمزور کر دیا کہ لبنانی حکومت امن کے ایک نئے دور میں داخل ہوگئی۔

اسرائیلی سفیر نے بتایا کہ فریقین کے درمیان بات چیت تقریباً اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی اور امکان ہے کہ جلد ایک مشترکہ بیان جاری کیا جائے گا۔

تاہم امریکا یا لبنان نے تاحال کوئی ردِعمل نہیں دیا اور نہ ہی کوئی مشترکہ بیان تاحال جاری نہیں ہوا ہے۔