کراچی: پولیس اور رینجرز نے مختلف کارروائیوں کے دوران رکشا گینگ کے 2 کارندوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے دورانِ گشت رکشا گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کر لیا، ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شاہ میر خان ولد شمروز خان اور سلمان ولد سکندر کے ناموں سے کی گئی۔
گرفتار ملزمان سے ایک عدد 9 ایم ایم پستول بمع گولیاں اور وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا رکشا برآمد کرلیا گیا، گرفتار ملزمان رکشے میں ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے، ملزمان رکشے میں شہریوں کو بٹھا کر انہیں لوٹ لیتے تھے، گرفتار ملزمان اس سے قبل بھی مختلف وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
صدر پولیس نے اسلحہ کی نمائش اور عارضی رہائشی ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم محمد عمران ولد محمد ریاض کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول بمعہ 10 راؤنڈز برآمد کر لیے گئے۔
عارضی رہائش ایکٹ کی خلاف ورزی پر دو ملزمان محمد اویس ولد راشد اور محمد اسماعیل ولد اللہ دین کو بھی گرفتار کیا گیا، تمام ملزمان کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اسٹیل ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث "عامری گینگ'' سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان علی محمد ولد مرید اور واجد علی عرف واجا ولد محمد ایوب کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1عدد موٹرسائیکل (بغیر کاغذات)، 1 عدد موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی۔ ملزمان اپنے گینگ کے ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید اور ملحقہ علاقوں میں اسلحے کے زور پر موٹر سائیکلز، موبائل فونز اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔