لاہور میں پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے ٹرائلز کا آغاز، 99 کھلاڑیوں کی شرکت

سلیکشن کمیٹی اور کوچز نے کھلاڑیوں کی مہارت کا جائزہ لیا جبکہ ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ آج ہوگا


ذوالفقار بیگ April 15, 2026

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور میں  پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے ٹرائلز کا آغاز، 99 کھلاڑیوں کی شرکت کی ، سلیکشن کمیٹی اور کوچز نے کھلاڑیوں کی مہارت کا جائزہ لیا جبکہ ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کی تشکیل کے لیے ڈیفنس ایرینا، منظور الحسن اکیڈمی لاہور میں ٹرائلز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ٹرائلز کے پہلے روز پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 99 کھلاڑیوں نے اپنی رپورٹ درج کروائی۔

اس موقع پر سلیکشن کمیٹی کے ممبران سمیت ہاکی کے نامور سابق کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ،ممبران سیلیکشن کمیٹی اولمپین ناصر علی، اولمپین عاطف بشیر اور اولمپین ایم خالد شامل تھے۔ سلیکشن کمیٹی کے ہمراہ سینئر ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین منظور الحسن اور جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین ایاز محمود نے بھی نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل اور جسمانی فٹنس کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

پہلے روز ٹرائلز کے مجموعی طور پر پانچ سیشنز منعقد کیے گئے جس میں کھلاڑیوں کے درمیان میچز کروائے گئے، سلیکٹرز کا کہنا ہے کہ ٹرائلز کا مقصد بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے تاکہ قومی ٹیم کے لیے ایک مضبوط دستہ تیار کیا جا سکے۔

ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ کل بھی اسی مقام (ڈیفنس ایرینا) پر جاری رہے گا۔ تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کل دوپہر 12:15 بجے اپنی حاضری یقینی بنائیں تاکہ دوسرے روز کی کارروائی کا وقت پر آغاز کیا جا سکے۔