ترکیہ کے اسکول پر فائرنگ میں استاد اور 8 طلبا جاں بحق؛ 20 زخمی

ترکیہ میں گزشتہ روز بھی ایک طالب علم نے اپنے اسکول میں فائرنگ کی اور 16 طلبا کو زخمی کرکے خودکشی کرلی تھی


ویب ڈیسک April 15, 2026
ترکیہ میں گزشتہ روز بھی اسکول پر فائرنگ میں 10 کے قریب زخمی ہوگئے تھے

ترکیہ کے جنوبی صوبے کہرامان ماراش کے مڈل اسکول میں ایک طالب علم نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور تقریباً 20 زخمی ہوگئے۔

صوبے کے گورنر مکرّم اونلوئر نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک استاد اور 3 طلبا شامل ہیں۔ جن کی شناخت بعد میں ظاہر کی جائے گی۔

فائرنگ میں زخمی ہونے والوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور خود اسی اسکول کا طالب علم تھا جو اپنے والد کی پستول کو بیگ میں چھپا کر اسکول میں داخل ہوا اور دو کلاس رومز میں اندھا دھند فائرنگ کی۔

اسکول میں ہلاکت خیز دہشت پہلانے کے بعد طالب علم نے بھی خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی صوبہ شانلی عرفہ میں ایک سابق طالب علم نے اپنے پرانے اسکول میں فائرنگ کرکے 16 افراد کو زخمی کیا اور پھر خود کو بھی ہلاک کرلیا تھا۔ 

واضح رہے کہ ترکیہ میں اسکول پر فائرنگ کے واقعات انتہائی کم دیکھنے میں آتے ہیں تاہم حالیہ دو حملوں سے سماج میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔