ایران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال؛ مذاکرات جاری

پاکستان کی میزبانی میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے


ویب ڈیسک April 15, 2026
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیساتھ مذاکرات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے وفد کی قیادت کی

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وفد ایران امریکا جنگ بندی مذاکرات سے متعلق جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کے سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کا پُرتپاک استقبال ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کیا۔ اس موقع پر ایران کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

 

ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد ایرانی حکومت کے اعلیٰ ترین حکام سے ملاقات کرے گا جس میں مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔

بعد ازاں ایران وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ مذاکرات شروع ہوگئے۔