اسلام آباد:
افغان طالبان کی باجوڑ میں پاکستانی سول آبادی پر گولہ باری سے دو بچوں سمیت 3 افراد شہید اور تین شدید زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ افغان طالبان نے باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں سول آبادی پر بلا اشتعال جارحیت کی جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر سے خاتون اور دو بچوں سمیت 3 افراد شہید اور 3 شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کچھ روز سے فتنہ الخوارج کے ایک اہم گروپ کو پاکستان میں داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے، پاک فوج کی بروقت کارروائی کی وجہ سے فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس ناکامی سے مایوس افغان طالبان نے آج کٹ کوٹ میں پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بناڈالا، پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی میں افغانستان سے فائر کرنے والی گن پوزیشن کو مکمل تباہ کردیا، پاک فوج کی کارروائی میں باجوڑ سے ملحقہ تمام افغان طالبان پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے افغان طالبان کا بھاری جانی نقصان ہوا۔
باجوڑ کے مکینوں نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔