دباؤ کے باوجود ایران جنگ میں شامل نہیں اور نہ آئندہ ہوں گے؛ برطانیہ کا ٹرمپ کو جواب

یہ ہماری جنگ نہیں ہے، کسی صور اس کا حصہ نہیں بنیں گے؛ وزیراعظم کیئر اسٹارمر


ویب ڈیسک April 15, 2026

برطانیہ نے ہر دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر ایران جنگ کا حصہ بننے سے صاف انکار کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر نے پارلیمنٹ سے خطاب میں ایران جنگ پر حکومتی پالیسی پیش کی۔

انھوں نے اپنی تقریر میں واضح کیا کہ وہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں شامل ہونے کے لیے دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پارلیمان میں مزید کہا کہ یہ ہماری جنگ نہیں ہے اور اس جنگ میں حصہ نہ بننے کی حکومتی پالیسی کو تبدیل کرانے کے لیے مجھ ہر کافی دباؤ ڈالا گیا۔

برطانوی وزیراعظم نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں کسی دباؤ کے آگے سر نہیں جھکاؤ گا اور نہ میں اپنا فیصلہ تبدیل کروں گا۔ 

وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ اس جنگ میں شامل ہونا ہمارے قومی مفاد میں نہیں اس لیے ہم ایسا کبھی نہیں کریں گے۔ مجھے معلوم ہے کہ میرا مؤقف کیا ہے۔

انھوں نے اپنے خطاب میں یہ تو نہیں بتایا کہ یہ دباؤ کس نوعیت کا تھا اور کس کی جانب سے تھا تاہم یہ اشارہ دیا کہ اس دباؤ میں گزشتہ رات پیش آنے والے واقعات بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں عندیہ دیا تھا کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے تجارتی معاہدے کی شرائط تبدیل کی جا سکتی ہیں۔