وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ کرپا کے قریب دو گروپس میں مسلح تصادم کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کرپا کی حدود دروالہ میں دو گروپس چوہدری زبیر اور چوہدری حنیف گروپ کے درمیان خونی تصادم ہوا اور دونوں گروپس کی فائرنگ سے دو بھائی قتل ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ لڑائی کے دوران چوہدری زبیر اور چوہدری تنویر عرف تیرو کے قتل ہونے کی اطلاع ملی جبکہ چوہدری زبیر گروپ کے چار افراد بھی زخمی ہوئے ہیں تاہم پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
مزید بتایا گیا کہ لاشوں اور زخمیوں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا اور پولی کلینک اسپتال کے باہر مقتولین کے ورثا کی بڑی تعداد موجود ہے،
پولیس نے بھاری نفری اسپتال کے باہر بھی طلب کرلی ہے جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تاہم گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپ کے افراد قریبی عزیز ہیں۔