پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کے اسپنر سفیان مقیم نے رواں سیزن کے گزشتہ 5 میچوں میں مسلسل 3 یا 3 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنا دیا۔
پشاور زلمی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 11 کے 23 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سفیان مقیم کی شان دار بولنگ اور کپتان بابراعظم کی بیٹنگ کی بدولت 8 وکٹوں سے شکست دے دی اور رواں سیزن کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
سفیان مقیم کی بہترین بولنگ کے نتیجے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز آؤٹ ہوگئی، کوئٹہ کے حسن نواز نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے جبکہ صفیان نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 25 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی لیگ کے رواں سیزن میں اب تک ناقابل شکست ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں صفیان مقیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سفیان مقیم نے اس سے قبل ملتان سلطانز کے خلاف 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں، اسی طرح لاہور قلندرز کی 3 وکٹیں 21 رنز کے عوض حاصل کی تھیں۔
پشاور زلمی کے اسپنر نے کراچی کنگز کے خلاف صرف 18 رنز دے کر 3 وکٹیں اپنے نام کی تھیں، اس سے قبل حیدرآباد کنگزمین کے خلاف بھی شان دار بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا جہاں انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی دکھائی تھی اور کنگزمین کی 4 وکٹیں اڑائی تھیں۔
سفیان مقیم پی ایس ایل کی تاریخ میں مسلسل 5 میچوں میں 3 یا 3 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بن گئے ہیں اور اب پشاور زلمی کا گروپ میچ 19 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔