مؤثر عملدرآمد کے باعث ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے، آئی ایم ایف

مضبوط معاشی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ گہری ساختی اصلاحات کا تسلسل نہایت ضروری ہے، کرسٹالینا جارجیوا


ارشاد انصاری April 16, 2026

اسلام آباد:

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر عملدرآمد کے باعث ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ اظہار خیال انہوں نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

کرسٹالینا جارجیوا نے اپنے بیان میں کہا کہ مضبوط معاشی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ گہری ساختی اصلاحات کا تسلسل نہایت ضروری ہے جو نہ صرف معاشی ترقی کو برقرار رکھ سکتا ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود میں بھی بہتری لا سکتا ہے۔

وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ مثبت ریمارکس پاکستان کی ذمہ دارانہ معاشی پالیسی سازی اور اصلاحاتی اقدامات پر عالمی اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں جو مستقبل میں معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔