آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان؛ تیل کی قیمتوں میں کمی اور اسٹاکس ایکسچینج میں تیزی

امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا جس کا اختتام 22 اپریل کو ہو رہا ہے


ویب ڈیسک April 17, 2026

اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی اور امریکا اور ایران کے درمیان متوقع سیز فائر کی خبروں کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق عالمی اور ایشیائی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور اسٹاک مارکیٹس کی ملی جلی صورتحال سامنے آئی ہے۔

گزشتہ روز عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 94–95 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 90–93 ڈالر کے قریب ٹریڈ کرتا رہا۔

آج ایشیائی منڈیوں میں بھی تیل کی قیمتوں میں مزید نرمی دیکھی گئی جہاں برینٹ تقریباً 98 ڈالر اور WTI 93 ڈالر کے قریب رہا۔

قیمتوں میں کمی اس خبر کے بعد دیکھنے میں آئی کہ ایران ممکنہ طور پر آبنائے ہرمز کے ذریعے جہازوں کی محفوظ آمدورفت کی اجازت دینے پر غور کر رہا ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تمام ممالک کے تجارتی جہازوں کے لیے دوہفتے کی جنگ بندی کے بقیہ دنوں تک آبنائے ہرمز کھولنے کا بڑا اعلان کردیا۔

جس کے بعد برینٹ خام تیل تقریباً 11 فیصد کمی کے بعد 88.70 ڈالر فی بیرل تک گر گیا جبکہ امریکی خام تیل (WTI) بھی 11 فیصد کمی کے ساتھ 81.20 ڈالر پر آ گیا۔

دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھنے میں آئی جہاں امریکی اسٹاک فیوچرز میں نمایاں اضافہ ہوا۔

اسی طرح ڈاؤ جونز فیوچرز میں 560 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ S&P 500 اور نیسڈیک فیوچرز بھی اوپر گئے۔