امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی؛ مذاکرات کا دوسرا دور کل اسلام آباد میں ہونے کا قوی امکان

امریکی وفد کی آج شام تک اسلام آباد آمد ہوگی، کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم پیش رفت متوقع ہے


خالد محمود April 20, 2026

اسلام آباد:

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا وقت ختم ہونے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا جبکہ اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے دور کا قوی امکان ہے، جس کا دوسرا راؤنڈ کل شروع ہوگا۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ بندی اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ جنگ بندی ختم ہونے میں صرف ایک دن باقی ہے اور 21 اپریل کو رات 12 بجے سیز فائر کی مدت ختم ہو جائے گی۔

جنگ بندی میں توسیع کا فیصلہ دونوں ممالک کل مذاکرات کی میز پر کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل اسلام آباد میں شروع ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امریکی وفد کی آج شام تک اسلام آباد آمد ہوگی۔

ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم پیش رفت متوقع ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی مذاکراتی ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا مقصد جنگ بندی کو مستقل امن معاہدے میں تبدیل کرنا ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد میں ہونے والے پہلے مذاکراتی دور میں کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا تھا، تاہم دونوں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ریڈ زون میں نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جس سے مذاکرات کے جلد آغاز کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایران نے بعض حالیہ پیش رفت پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے، تاہم پاکستان کی سفارتی کوششیں دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ شب ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں مذاکرات کی پیشکش کی جبکہ اسحاق ڈار کے ایرانی وزیر خارجہ سمیت سعودی، مصر، ترکیہ سمیت متعدد ممالک سے رابطے ہوئے ہیں اور پاکستان پر امید ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں گے اور پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لائیں گی۔