چینی صدر کی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر گفتگو؛ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے پر زور

چین مشرق وسطیٰ میں فوری اور جامع جنگ بندی سمیت تمام عسکری کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے، صدر شی جنپنگ


ویب ڈیسک April 20, 2026
چینی صدر نے سعودی ولی عہد سے ٹیلی فونک گفتگو میں آبنائے ہرمز کے کھلے رہنے پر زور دیا

چین کے صدر شی جنپنگ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور مشرق وسطیٰ بالخصوص آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جنپنگ نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو معمول کے مطابق جاری رکھنے پر زور دیا۔

چینی صدر شی جنپنگ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا نہ صرف خطے کے ممالک بلکہ عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں بھی ہے۔ جس سے دنیا کی معیشت بھی جڑی ہوئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ چین فوری اور جامع جنگ بندی سمیت تمام عسکری کارروائیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔ جس سے کشیدگی میں کمی کا امکان ہے۔ 

چینی صدر شی جنپنگ نے کہا کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لیے کی جانے والی تمام سفارتی اور سیاسی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔