ستوکتلہ: پالتو کتے کا 9 سالہ بچے پر حملہ، مالک گرفتار

نجی سوسائٹی میں پالتو کتے نے 9 سالہ شہباز پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بچے کے پیٹ اور کمر پر شدید زخم آئے


سید مشرف شاہ April 21, 2026

ستوکتلہ کے علاقے میں پالتو کتے کے حملے سے 9 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی 15 پر کال کی گئی جس پر ستوکتلہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔

پولیس کے مطابق نجی سوسائٹی میں پالتو کتے نے 9 سالہ شہباز پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بچے کے پیٹ اور کمر پر شدید زخم آئے اور وہ لہولہان ہو گیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایچ او ستوکتلہ اقرار شاہ کے مطابق بچے کے والد محمد اعجاز کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ کارروائی کرتے ہوئے کتے کے مالک عثمان علی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے والے کتے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس انویسٹیگیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے کہا ہے کہ پالتو جانوروں کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنا انسانی جان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، شہری اس حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔