54 ویں لوک سہائتا قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 14 سے 17 مئی تک این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں منعقد ہوگی۔
مقامی ہوٹل میں پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر برگیڈیر ریٹائرڈ وجاہت حسین کاپریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ چار روزہ چیمپین شپ کے50 ایونٹس میں مردوں کے 23 اور خواتین کے 25 جبکہ دو مخلوط مقابلے ہوں گے،ملک بھر سے 500 ایتھلیٹس اور 300 آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔
اس موقع پر چیئرمین لوک سہائتا ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اظہر صمدانی بھی موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ چیمپین شپ میں قومی فیڈریشن کے تمام 14 یونٹس کی ٹیمیں شرکت کریں گی ان میں چاروں صوبوں سندھ، پنجاب،کے پی کے،بلوچستان،اسلام آباد،گلگت وبلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ پاکستان آرمی ،پاکستان واپڈا، پولیس، ریلویز،ایچ ای سی کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔
چیمپئن شپ میں 100 میٹر کی دوڑ جیتنے والے پاکستان کے تیز ترین مرد اور خاتون قرار پائیں گے۔بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹس کو انعامات سے نوازا جائے گا۔
بریگیڈیر ریٹائرڈ وجاہت حسین نے کہا کہ قومی ایتھلیٹکس فیڈریشن کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے معطل کر رکھا ہے۔فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرا دی ہیں،انٹرنیشنل ایتھلیٹکس فیڈریشن قومی چیمپین شپ کے نتائج کو قبول کرے گی۔قومی فیڈریشن نے ملک بھر میں ایتھلیٹکس کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی ہے۔