کراچی؛ ذاتی رنجش اور ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کے واقعات، 2 افراد زخمی

پولیس نے دونوں واقعات کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے


اسٹاف رپورٹر April 22, 2026

کراچی:

شہر قائد کے علاقوں اسٹیل ٹاؤن اور ڈیفنس ویو میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید سمار گوٹھ شہباز پمپ کے قریب منگل اور بدھ کی درمیانی شب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ محمد امتیاز ولد محمد یعقوب کے نام سے کی گئی ہے ۔ یہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے ، تاہم علاقہ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب بلوچ کالونی کے علاقے ڈیفنس ویو میں اقرا یونیورسٹی کے قریب بدھ کی علی الصبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 32 سالہ صفدر خان ولد عبد الکریم کے نام سے کی گئی ہے جبکہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔