کراچی؛ مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو گرفتار، اسلحہ برآمد

زمان ٹاؤن، سچل، گلبرگ اور فریئر کے علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں، دوران تفتیش ملزمان کے انکشافات


اسٹاف رپورٹر April 22, 2026

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں زمان ٹاؤن، سچل، گلبرگ اور فرئیر میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 4 زخمی سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس نے کورنگی سو کوارٹر سیکٹر 50/C ملائی ہوٹل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 27 سالہ محمد لائق ولد محمد حنیف کے نام سے کی گئی ہے، جس کے قبضے سے ایک پستول 30 بور بمعہ گولیاں، 2 موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی۔

اسی طرح سچل پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب رند چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت شاہد محمد ولد راز محمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے غازی گوٹھ اور اسکیم 33 میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ۔ ملزم نے مزید بتایا کہ اس نے اپنے ساتھی کے ہمراہ 19 فروری 2026 کو رب راضی سوسائٹی میں دوائیوں کی سپلائی کرنے والے ملازم کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کیا تھا، جس کا مقدمہ الزام نمبر 320/2026 سچل میں درج کیا گیا تھا۔

دوسری جانب گلبرگ پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 11 غوثیہ مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت آصف ولد عبدالکریم کے نام سے کی گئی ہے جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔

فرئیر پولیس نے بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب کینٹ ریلوے کالونی حسن اسپتال کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا، جن میں سے زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 25 سالہ آصف عرف یاسر ولد نذیر حسین کے نام سے کی گئی جبکہ اس کے ساتھی نے اپنا نام محمد ساحل ولد محمد کامل بتایا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں بمعہ گولیاں، 4 موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔