پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل وفد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
ترجمان سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے مطابق دورے کے دوران وفد نے ایس ایس یو کے آپریشنل طریقہ کار اور سہولیات کا جائزہ لیا۔
ٹیم کے اراکین نے یونٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے عزم کو سراہا۔
وفد کو سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے شہر میں کھیلوں کے مقابلوں کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور جاری کاوشوں پر بریفنگ دی گئی۔
مہمانوں کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے انڈور فائرنگ رینج میں عملی شوٹنگ مشقوں کا تجربہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔
وفد نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سخت اور منظم سیکیورٹی اقدامات کے باعث کھلاڑی خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
دورے کے اختتام پر ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے درمیان سوینئرز کا تبادلہ ہوا۔