پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تحقیقات کا سامنا ہے۔
اسپورٹس نیوز ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی ہے۔
اس پیشرفت کے باعث محمد نواز کا انگلش کاؤنٹی کلب ’سرے‘ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے کا معاہدہ بھی منسوخ ہو گیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی نے بورڈ کو اس معاملے سے آگاہ کیا، جس کے بعد ضابطہ کار کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس عمل کے نتائج جلد آئی سی سی کو بھیج دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ ٹیسٹ رواں سال مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران لیا گیا تھا۔
32 سالہ نواز نے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جانب سے تمام سات میچز کھیلے تھے۔
انہوں نے محدود کارکردگی دکھاتے ہوئے 15 رنز بنائے اور 7 وکٹیں حاصل کیں۔
نواز کو حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے این او سی بھی جاری کیا گیا تھا اور ان کی شمولیت کا باضابطہ اعلان متوقع تھا، تاہم اب یہ منصوبہ ختم ہو چکا ہے۔
دوسری جانب وہ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔