کمرہ عدالت میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے بدتمیزی اور تلخ کلامی، وکیل کو توہین عدالت کا نوٹس

آپ نے عدالتی تنبیہ کے باوجود توہین آمیز رویہ اپنایا، جسٹس محمد سلیم جیسر


کورٹ رپورٹر April 22, 2026

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ کے کمرہ عدالت میں فاضل جسٹس کے روکنے پر وکیل کی جانب سے عدالت اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے بدتمیزی اور تلخ کلامی کے واقعے پر فاضل جسٹس محمد سلیم جیسر نے غلام اکبر جتوئی ایڈووکیٹ کو توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔

جاری نوٹس میں جسٹس محمد سلیم جیسر نے کہا ہے کہ آپ نے عدالتی تنبیہ کے باوجود توہین آمیز رویہ اپنایا۔ تحریری وضاحت کریں کہ کیوں ناں آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

عدالت نے وکیل کے خلاف کارروائی کے لیے سندھ بار کونسل اور صدر ہائیکورٹ بار کو بھی خط لکھ دیا۔

غلام اکبر جتوئی ایڈووکیٹ کے خلاف 80 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضے کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔

واضح رہے کہ 20 اپریل کو غلام اکبر جتوئی ایڈووکیٹ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تھی۔ فاضل جسٹس کے روکنے پر مذکورہ وکیل نے عدالت سے بھی بدتمیزی کی تھی۔