لبنان میں چلتی کار پر اسرائیل کا ڈرون حملہ، 2 افراد جاں بحق

لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی تاحال جاری ہے


ویب ڈیسک April 22, 2026
اسرائیل کا لبنان میں کار پر حملہ دو افراد جاں بحق

لبنان کے جنوبی علاقے میں ایک چلتی ہوئی کار پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جسے حکومت نے جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ گاؤں التیری میں پیش آیا جہاں ایک چلتی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ تاحال حملے میں جاں بحق افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

تاحال اسرائیلی فوج کی جانب سے اس واقعے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں اور حزب اللہ یا کسی اور مسلح گروپ نے بھی کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

تاہم اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے رہنماؤں اور جنگجوؤں کو متعدد بار ایسے ہی ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا ہے جب وہ لوگ اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

اسرائیلی حکومت بارہا یہ مؤقف دہراتی آئی ہے کہ اپنی سرزمین اور عوام کے لیے خطرہ بننے والوں کو دنیا کے کسی بھی حصے میں نشانہ بنائیں گے۔

ایک روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ دریائے لیطانی، وادی السلوقی اور وادی السلھانی کے علاقوں سے دور رہیں۔

اسرائیلی فوج کا مزید کہنا تھا کہ ان علاقوں میں حزب اللہ کی جانب سے دہشت گرد سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس لیے علاقہ کلیئر کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 16 اپریل کو 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا اور اس پر مزید مذاکرات امریکا میں ہوں گے جہاں لبنان سیزفائر میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کرے گا۔