عمران خان اور ان کی اہلیہ کی دائیں آنکھ کا مسئلہ سوچی سمجھی سازش ہے، سہیل آفریدی

بانی پی ٹی آئی ہزار دن سے زائد جیل میں گزارچکے، شدید تکلیف کے باوجود ایک بار بھی شکایت نہیں کی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا


شاہدہ پروین April 22, 2026
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی بیماری کو سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کی دائیں آنکھ کا مسئلہ ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران کہا کہ جیل جیل کی بات ہوتی ہے کوئی کرپشن پر جیل میں جاتا ہے، حقیقت میں ذوالفقار علی بھٹو کو اس 73 کے آئین پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں لیکن پھر داماد اور نواسے نے جس طرح آئین میں کیل ٹھونکی تو بھی ان کے سر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا جب نام آیا تو کچھ لوگوں نے مجھے دہشت گرد اور اسمگلر کہا، یہ میری توہین نہیں بلکہ یہ سارے ایوان کی توہین تھی، میں جمہوری تھا اور میں جمہوری ہوں، یہ میرا حق ہے کہ میں اپنے لیڈر سے ملوں، میں نے قومی اسمبلی، حکومت پنجاب اور اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی ملنے کےلیے رابطہ کیا۔

عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین ججوں کے فیصلے کے باوجود ایک جیل کا سپرنٹنڈنٹ کوئی بات ماننے کو تیار نہیں ہے، یہاں جمہوریت کو نقصان پہنچایا گیا، کل کسی اور کے ساتھ بھی یہ ہوسکتا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی چئیرمین پی ٹی آئی ہزار دن سے زائد جیل میں گزار چکے ہیں، شدید تکلیف میں ہیں لیکن انہوں نے ایک بار بھی شکایت نہیں کی، اب بانی چئیرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ کو بھی آنکھ کا مسئلہ ہوا ہے لیکن ان کی فیملی سے نہیں ملنے دیا جارہا ہے، دونوں کی دائیں آنکھ کا مسئلہ ہے، یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکسز سے ان کے لوگ باہر جاتے تھے، ہم نے تمام قانونی طریقے آزمائے لیکن انہوں نے ہم پر آئینی دروازہ بند کر دیا تو ہم پھر کیا کریں، 26 سال میں ایک گملا بھی ہم نے نہیں توڑا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان کی جب بات آئی تو یہ ملک ہم سب کا ہے، میں اپنا سیاسی کام ایک طرف رکھ کر آیا ہوں لیکن اس کے اگلے روز ہی چئیرمین کی بہنوں پر تشدد کیا گیا، بشریٰ بی بی کو ان کی بیٹیوں اور چئیرمین کو ان کی بہنوں سے نہیں ملنے دیا جا رہا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ جب ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار سے لگاؤ گے تو پھر ہم کیا کریں گے۔