ایران کی پاسداران انقلاب نے ایک دن میں تین مختلف بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں سے دو کو اپنے ساتھ بھی لے گئے۔
بحری انٹیلی جنس ادارے Vanguard کے مطابق آج صبح آبنائے ہرمز میں ایک اور کارگو جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد متاثرہ جہازوں کی تعداد تین ہو گئی۔
پاناما کے پرچم بردار جہاز ایم ایس سی فرانسسکا اس وقت حملے کی زد میں آیا جب وہ آبنائے ہرمز سے نکل کر خلیج عمان کی جانب جا رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایران کے ساحل سے تقریباً چھ ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا۔ جب ایران کی پاسداران انقلاب نے جہاز کو روکا اور لنگر انداز ہونے کا حکم دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے جہاز روکنے کے لیے فائرنگ بھی کی جس سے اس کے ڈھانچے اور رہائشی حصے کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی ہے تاہم مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے حالیہ واقعات میں 3 جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے 2 کو قبضے میں لے کر ایران کی سمندری حدود میں جانچ پڑتال کے لیے لایا گیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق ایک جہاز "یوفوریا" کو نشانہ بنایا گیا، جو اب ایران کے ساحل کے قریب پھنس گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ MSC فرانسسکا اور ایپامینونڈاس نامی جہازوں کو قبضے میں لے کر ایرانی ساحل کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے قبل ا جہازوں کو وارننگ دی گئی تھی۔
اب تک کی تفصیلات کے مطابق پہلا جہاز جسے پاسداران انقلاب نے نشانہ بنایا یونان کا جب کہ دوسرا یو اے ای اور تیسرا پاناما کا ہے تاہم ان تینوں ممالک نے اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔