لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور اہلکار دم توڑ گیا جس کا تعلق بھی فرانس ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے ایک اور فرانسیسی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے بتایا کہ کارپورل اینیسیٹ جیرارڈن شدید زخمی ہونے کے بعد وطن منتقل کیے گئے تھے تاہم وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
یاد رہے کہ چند روز جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت خدمات انجام دینے والی ایک ٹیم پر حملہ کیا گیا جس میں موقع پر ہی ایک فرانسیسی اہلکار ہلاک ہوگیا تھا اور دو زخمی تھے۔
فرانس نے ان حملوں کا الزام حزب اللہ پر عائد کیا لیکن ایران کے حمایت یافتہ اس گروپ نے اس واقعے سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔
واضح رہے کہ متاثرہ اہلکار اقوام متحدہ کے مشن کے تحت جنوبی لبنان میں تعینات تھے جہاں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کے باعث حالات بدستور نازک ہیں۔