مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کا اسکول پر حملے میں طالب علم سمیت 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے ایک گاؤں المغیر میں یہودی آبادکاروں نے اسکول پر دھاوا بول دیا اور وہاں موجود لوگوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس سفاکانہ حملے میں 14 سالہ طالب علم اوس حمدی النعسان اور 32 سالہ جہاد مرزوق ابو نعیم شہید ہوگئے جب کہ مزید دو افراد زخمی ہوگئے۔
اسکول کے پرنسپل بسام ابو عصف نے بتایا کہ حملے کے وقت طلبا ماہانہ امتحانات دے رہے تھے کہ مسلح یہودی آبادکار زبردستی اسکول میں گھس آئے۔
یاد رہے کہ مغربی کنارے میں اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں کے حملے میں 1000 کے قریب فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ان میں بڑی تعداد عام شہریوں اور کم عمر افراد کی ہے جب کہ سیکڑوں گھروں، زرعی اراضی اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔