کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں فیروزآباد، سپرمارکیٹ، شریف آباد اور مبینہ ٹاؤن میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس کے جوانوں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہید ملت روڈ ہل پارک باغ بہار شادی ہال کے قریب دوران چیکنگ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او فیروزاآباد انسپکٹر عدیل افضال کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت 35 سالہ عثمان عرف نور البشیر عرف عثمان بنگالی ولد ابوالکلام کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے، جبکہ اس کے سابقہ ریکارڈ کے حصول اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سپرمارکیٹ پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لیاقت آباد چونا ڈپو ندی کنارے کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت 24 سالہ صدام حسین ولد شاہ جہاں اور 22 سالہ عمران ولد جہانگیر کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی۔
شریف آباد پولیس نے بھی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایف سی ایریا ریلوے لائن کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت 45 سالہ اعجاز ولد سید حسن اور 42 سالہ محمد عدنان ولد محمد انور کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستولیں بمعہ گولیاں، موبائل فونز، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
اُدھر مبینہ ٹاؤن پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یونیورسٹی روڈ سمامہ پل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ زخمی ملزم کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ڈاکو کی شناخت 40 سالہ نادر ولد غلام حیدر کے نام سے کی گئی ہے، جس کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔