لاس اینجلس اولمپکس کیلیے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز تاریخی پیشرفت ہے، آئی سی سی

اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت سے کھیل کو روایتی ممالک سے باہر فروغ دینے میں مدد ملے گی


ذوالفقار بیگ April 23, 2026

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے آغاز کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

آئی سی سی ترجمان کے مطابق یہ اسٹیڈیم امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے پومونا میں فیئر پلیکس گراؤنڈ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں بدھ کو باقاعدہ سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اس موقع کو کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل تیزی سے عالمی سطح پر اپنی جگہ بنا رہا ہے اور اولمپکس کا حصہ بننا دنیا بھر کے شائقین کے لیے باعث فخر ہے۔

ان کے مطابق یہ نیا اسٹیڈیم اولمپکس کے دوران مرکزی حیثیت اختیار کرے گا اور امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے دیرپا اثرات چھوڑے گا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کھیل کے عالمی پھیلاؤ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سالوں میں اس منصوبے سے جڑے مزید اہم مراحل طے ہوں گے جو کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

تقریب میں ایل اے 28 کے نائب صدر نکولو کیمپرینی، پومونا کے میئر ٹم سینڈووال، لاس اینجلس میں بھارتی قونصل جنرل ڈاکٹر کے جے سرینیواسا، نائٹ رائیڈرز اسپورٹس کے سی ای او وینکی میسور اور فیئرپلیکس کے صدر والٹر مارکیز سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ماہرین کے مطابق اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت سے کھیل کو روایتی ممالک سے باہر فروغ دینے میں مدد ملے گی، خاص طور پر امریکا اور دیگر خطوں میں اس کی مقبولیت بڑھے گی۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مردوں اور خواتین دونوں کے مقابلے شامل کیے جائیں گے، جو نئے شائقین کو متوجہ کرنے اور کھیل کی عالمی رسائی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹ کی اولپمکس مقابلوں میں 128 سال بعد 2028 میں شیڈول لاس اینجلس اولمپکس سے واپسی ہوگی۔