تنازعات کی زد میں رہنے والی لیگ آئی پی ایل ایک اور تنازع کے باعث خبروں کی زینت بن گئی۔
لکھنؤ کے اکانا اسٹیڈیم میں لکھنؤ سپر جائنٹس اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ کے دوران شائقین کے درمیان شدید جھگڑا دیکھنے میں آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تنازع اچانک شدت اختیار کر گیا اور ایک تماشائی نے دوسرے کو زور سے دھکا دے کر دو قطار نیچے سر کے بل گرا دیا جس سے وہاں موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد دیگر تماشائی فوری طور پر حرکت میں آئے اور مبینہ حملہ آور کو قابو کرلیا۔ مشتعل ہجوم نے اسے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس کے بعد اسے سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا۔
اس دوران اسٹیڈیم میں کچھ دیر کے لیے افراتفری کا ماحول رہا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارت میں اسپورٹس ایونٹس میں سیکیورٹی اور نظم و ضبط کے حوالے سے سوالات اٹھا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز چنئی سپر کنگز اور سن رائزرز حیدرآباد کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران کی بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
ویڈیو میں سن رائزرز حیدرآباد کا ایک فین ہاتھ میں لیموں پکڑے مبینہ طور پر ’ کالا جادو‘ جیسا کچھ کرتا نظر آرہا تھا اور اس کی اگلی ہی گیند پر شیوم دوبے کلین بولڈ ہوگئے تھے۔
آئی پی ایل کے سابق چیئرمین للت مودی نے بھی اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ایک ٹیم مالک کی جانب سے کالا جادو کروائے جانے کی تصدیق کی تھی۔