کراچی، لانڈھی میں جرگے کے دوران فائرنگ، 2 پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی

پولیس کے مطابق جرگے کے دوران تلخ کلامی بڑھ گئی



کراچی:

شہر قائد کے علاقے لانڈھی فیوچر کالونی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ آپسی جھگڑے کے دوران ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ شرافی گوٹھ کی حدود میں بچوں کی لڑائی نے سنگین رخ اختیار کر لیا چند گھنٹے قبل ہونے والے واقعے کے بعد معاملہ حل کرنے کے لیے علاقائی سطح پر جرگہ منعقد کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق جرگے کے دوران تلخ کلامی بڑھ گئی جو ہاتھا پائی اور بعد ازاں فائرنگ میں تبدیل ہوگئی جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔

زخمیوں میں سپاہی عاقب، سپاہی مشتاق اور ایک ٹھیلہ لگانے والا شہری شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹھیلے والے کی شناخت کریم اعوان کے نام سے ہوئی ہے جسے پیٹ میں گولی لگی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سپاہی عاقب کو بھی پیٹ میں گولی لگی جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ سپاہی مشتاق چھریوں کے وار سے زخمی ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔