کراچی:
شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں دو ٹرالرز کے درمیان رکشہ آ جانے کے باعث ایک بچی جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی 10 سالہ بچی صبیحہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ جمیلہ، 35 سالہ حسین اور 16 سالہ طیبہ شامل ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حبیب بینک چورنگی کے پل سے اترتے ہوئے ایک ٹرالر خراب حالت میں سڑک پر کھڑا تھا اسی دوران پیچھے سے آنے والے دوسرے ٹرالر کو وہ نظر نہ آ سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیچھے سے آنے والے ٹرالر نے اچانک ٹریک تبدیل کیا جس کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والا رکشہ دونوں ٹرالرز کے درمیان پھنس گیا اور یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے بعد پیچھے سے آنے والے ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر سائٹ ایریا تھانے منتقل کر دیا ہے اور مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔