کراچی، شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، پولیس حکام



کراچی:

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم اورنگی ٹاؤن کے علاقے پریشان چوک میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کر رہا تھا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم دولت خان ولد داد محمد کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔