پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی کالعدم شدہ دفعات بحال، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل

حکومتی اپیل سماعت کے لیے منظور، جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری


کورٹ رپورٹر April 27, 2026

اسلام آباد:

وفاقی آئینی عدالت نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی کالعدم شدہ دفعات بحال کر دیں اور  حکومتی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا یہ ڈنکی لگا کر جانے والوں کا کیس ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہا فرحان علی نامی شہری غیرقانونی طور پر ایران گیا جہاں سے ڈی پورٹ ہوا تھا، غیرقانونی اقدامات پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کیا گیا، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام کی شمولیت اور پاسپورٹ غیرفعال ہونا چیلنج کیا گیا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا یہ خود باہر جانے والا تھا یا لوگوں سے پیسہ لے کر اٹلی بھیجتا تھا؟ ایف آئی اے نے اب تک کیا تفتیش کی ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے سے معلومات نہیں لیں۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے رول تین اور دس کالعدم قرار دے دیے۔ عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔