ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے امریکا اور اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں ملک بھر میں شروع کی گئی جان فدا عوامی مہم میں 3 کروڑ افراد رجسٹرڈ ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اس بڑی تعداد میں رجسٹریشن ثبوت ہے کہ ایرانی عوام ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم کے جذبۂ قربانی نے دشمنوں کو حیران اور مایوس کر دیا ہے اور جان فدا مہم میں خود کو رجسٹرڈ کروانے والے یہ رضاکار تاریخ کے فاتح ہیں۔
ایران میں ’جان فدا‘ کو ایسی رضاکارانہ تحریک کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جس میں شہری خود کو ملک کے دفاع، سیکیورٹی یا دیگر قومی خدمات کے لیے پیش کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ 28 فروری سے امریکا اور اسرائیل کی ایران پر مسلط کی گئی جنگ میں سیزفائر جاری ہے تاہم فریقین کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، آبنائے ہرمز بند ہے اور امریکی ناکہ بندی بھی جاری ہے۔