’ایران جلد از جلد ہوش کے ناخن لے‘؛ ٹرمپ نے گینگسٹر اسٹائل میں اپنی تصویر بھی شیئر کی

صدر ٹرمپ نے دھمکی آمیز توئٹ میں بندوق اُٹھائے اپنی گینگسٹر اسٹائل تصویر بھی شیئر کی


ویب ڈیسک April 29, 2026
ٹرمپ نے اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ گینگسٹر اسٹائل میں بندوق اُٹھائے ہوئے ہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران پر جوہری مذاکرات کے لیے زور ڈالتے ہوئے شدید الفاظ میں دھمکی دی ہے۔

اپنے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر صدر ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ جلد از جلد ہوش کے ناخن لیں۔

انھوں نے مزید لکھا کہ ایران حالات ٹھیک نہیں کرسکتا۔ انھیں معلوم ہی نہیں کہ جوہری ہتھیاروں سے پاک معاہدے کیسے کیے جاتے ہیں۔

امریکی صدر نے تنبیہ کی کہ دانش مندی اسی میں ہے کہ ایران جلد از جلد ہوش کے ناخن لیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے اس بیان کے ساتھ ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس میں وہ بندوق اٹھائے ہوئے ہیں جس پر لکھا ہے کہ اب مزید نہیں، اچھے ساتھی۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران پر فضائی حملے شروع کیے تھے جس کے بعد سے جنگ تاحال کسی نہ کسی صورت میں تاحال جاری ہی ہے البتہ پاکستان کی ثالثی میں دونوں ممالک جنگ بندی پر آمادہ ہوگئے تھے۔

تاہم امریکا نے ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کے مطالبے کو رد کردیا ہے جب کہ ایران بھی دشمن ممالک کے تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے نہیں دے رہا ہے جس سے دنیا بھر میں تیل و گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایران نے حال ہی میں امریکا کو ایک نئی تجویز بھی پیش کی ہے لیکن صدر ٹرمپ اس سے مطمئن نظر نہیں آرہے ہیں اور انھوں نے ایران کو مجبور کرنے کے لیے دھمکی آمیز ٹوئٹس کا سہارا لیا ہے۔