کراچی:
زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر کراچی پہنچ گئی۔
پاکستان اور زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 4، 6 اور 9 مئی کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے،بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوٹی سیریز کا انعقاد ہوگا، پہلا میچ 12 مئی ،دوسرا میچ 14 مئی اور تیسرا و آخری میچ 15 مئی کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان آمد پر مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا،کھلاڑیوں اور افیشلز کو سندھ کی روایتی چادر اجرک اور گلدستے پیش کیے گئے،سیریز کے لیے 15رکنی پاکستان ویمن اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثناء کے علاوہ عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ ، تسمیہ رباب شامل ہیں، ریزرو کھلاڑیوں میں ارم جاوید، ایمان فاطمہ، سائرہ جبین، طوبیٰ حسن اور عنبر کائنات کو رکھا گیا ہے۔
دریں اثنا سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ تیسرے روز بھی اسٹیٹ بینک آف پاکستان اسپورٹس کمپلیکس پر جاری رہا،پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں شام کو پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔