امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزویگ سے اپیل کی ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو کے کرپشن مقدمات پر صدارتی استثنیٰ دیدیا جائے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف کرپشن ٹرائل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے بقول اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے انھیں فون پر بتایا کہ غزہ جنگ کے دوران بھی مجھے عدالت میں پیش ہونا پڑتا رہا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران یہ سب نہیں ہونا چاہیے تھا۔ نیتن یاہو کو پلی بارگین نہیں بلکہ معافی ملنی چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے یہ دلیل بھی دی کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جنگی دور کے رہنما ہیں اس لیے ان پر مقدمہ جاری رہنا مناسب نہیں۔
امریکی صدر نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزویگ پر زور دیا کہ وہ اپنے وزیر اعظم نیتن یاہو کو صدارتی استثنیٰ دیتے ہوئے کرپشن مقدمات میں معاف کر دیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزویگ نے نیتن یاہو کو معافی دیدی تو اس طرح وہ اسرائیل کے قومی ہیرو بن جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدرٹرمپ نیتن یاہو کو معافی نہ دینے پر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزویگ پر تنقید بھی کر چکے ہیں تاہم اب نرم مؤقف اختیار کیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کرپشن اور غیرقانونی تحائف لینے کے مقدمات میں بری طرح پھنس چکے ہیں اور اب ان کے پاس صدارتی معافی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔