کراچی:
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے شہری کی جانب سے دی جانے والی تحریری شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ایسٹ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔
شہری مرزا غضنفر بیگ کی جانب کراچی پولیس چیف کو ارسال کی گئی درخواست میں گلشن اقبال تھانے کے مقدمہ نمبر 235 سال 2026 بجرم دفعہ 489 ایف کی تفتیش میں جانبداری اور عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تفتیش کسی دوسرے ڈسٹرکٹ میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
جبکہ درخواست گزار نے الزام عائد کیا گیا ہے کہ میری بیٹی کا رشتہ ختم ہونے کے بعد سابق منگیتر اسے مبینہ طور پر بلیک میل کر رہا تھا اور اس حوالے سے ایک مقدمہ نمبر 238 سال 2026 فیروز آباد تھانے میں درج کرایا تھا لیکن اس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
بعدازاں سابق منگیتر اور تفتیشی افسر نے ملی بھگت کر کے میری بیٹی کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا۔
درخواست گزار کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر دستاویزات بھی فراہم کی گئی ہیں ، کراچی پولیس چیف نے شہری کی درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نذیر شیخ کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دی ہے۔
انکوائری ٹیم میں ایس پی انویسٹی گیشن ون ایسٹ اور ایس پی گلشن اقبال ڈویژن شامل ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کمیٹی کو پابند کیا کہ غیر جانبدار تحقیقات میں پولیس کے کردار اور دیگر تمام حقائق کا جائزہ لیکر 3 روز میں اس کی رپورٹ پیش کرینگے ۔