حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا، نوٹیفکیشن جاری


ضیغم نقوی April 29, 2026
فوٹو فائل

حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پھر اضافہ کردیا اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

پیٹرولیم ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے، جس کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔

پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 6 روپے 51 پیسے کے اضافے کے بعد 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کا خدشہ ہے، جس کا اعلان آج کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت عوام کو40 روپے فی لیٹر بڑے اضافے سے بچانے کےلیے متحرک ہے اور آج رات نئی قیمتوں کے اعلان کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایک روز قبل قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے عوام بڑے بوجھ سے بچ جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ یکم مئی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر اضافہ کا امکان ہے جبکہ پیٹرولیم لیوی بڑھا دی گئی تو قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز کا معاملہ فوری حل نہ ہوا تو 9 مئی کو قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ ہوگا۔